گوہاٹی،5؍دسمبر(آئی این ایس انڈیا) آسام کے ہمنت بسوا سرمانے بائیں بازواورکانگریس کے لیڈروں پر طنز کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ان پارٹی لیڈروں کو ہندوؤں اورمسلمانوں کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بائیں بازو کے لبرل ہمارے (ہندو مسلم) کے درمیان تلخی کے ذمہ دارہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاہے کہ کانگریس نے اپنے ووٹ بینک کو برقرار رکھنے کے لیے تلخی بڑھانے کا کام کیا۔ آسام کے وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں ایک کتاب کی رونمائی کے دوران کہیں۔ اس دوران انہوں نے مذہب کے بارے میں کہاہے کہ مذہب کی پیروی اپنے آپ کو جاننے کے لیے ایک تعلیمی سرگرمی ہے اور اسے ملک میں لوگوں کے درمیان خونریزی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
چیف منسٹر سرما نے کہاہے کہ ہمارے (ہندو مسلم) کے درمیان تلخی کے لیے بائیں بازو کے لبرل ذمہ دار ہیں۔ ووٹ بینک بڑھانے کے لیے کانگریس نے اسے کم کرنے کے بجائے بڑھانے کا کام کیاہے۔اتنا ہی نہیں، سرما نے یہ بھی کہاہے کہ آزادی کے بعد بائیں بازو کے لبرلز نے ہندوستان کا تعلیمی نصاب اس طرح بنایا کہ باغی پیدا ہوتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ایسے لوگ اپنے ذہن میں ریاست کے لیے احترام کو ختم کرنے کاراستہ تلاش کرتے ہیں۔